(سرینگر) حکومت ہند نے جموں و کشمیر حد بندی پر مامور حد بندی کمیشن کو حدبندی عمل مکمل کرنے کیلئے مزید دو ماہ کی توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزارتِ انصاف و قانون کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں حکومت نے حد بندی کمیشن سے کو مزید دو ماہ کی توسیع دی ہے۔یاد رہے مارچ 2020میں تشکیل پانے والے اس پینل کو گزشتہ سال ایک سال کی توسیع دی گئی تھی جو مدت مارچ 2022 کے آغاز میں ختم ہو رہی تھی۔ سپریم کورٹ کے سابق جج رنجنا پرکاش ڈیسائی کی سربراہی میں بنائے گئے اس پینل میں چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا اور جموں و کشمیر کے ریاستی الیکشن کمشنر بھی ممبر ہیں۔ واضح رہے کمیشن نے حال ہی میں اپنی مسودہ رپورٹ کو اپنے ممبروں (جموں و کشمیر کے لوک سبھا ممبران) کے سامنے رکھا ہے ۔ کمیشن نے اپنے ایسوسی ایٹ ممبران (لوک سبھا ممبران) سے کہا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں مسودے پر اپنی رائے اور اعتراضات دیں۔پھر ان سے پوچھا جائے گا کہ کیا ان کے اعتراضات، اگر کوئی ہیں، اگلے مسودے سے پہلے چھاپے جائیں جو اسے پبلک ڈومین میں پیش کیے جائیں گے۔