(سرینگر) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کا کہنا ہے کہ بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ میں حالیہ آتشزدگی کے پیش نظر حکومت نے پانچ ضلع و سب ضلع اسپتالوں میں آرتھو پیڈک کلنک شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آرتھو پیڈک مریضوں کو سہولیت بہم پہنچانے کی خاطر جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر میں کلنک شروع کئے جارہے ہیں تاکہ ہڈیوں کے مریض وہاں پر اپنا علا ج ومعالجہ کروا سکے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ بون اینڈ جوائنٹ اسپتال میں آتشزدگی کے بعد وہاں سے مریضوں کو جے وی سی اور دوسرے اسپتالوں میں بھرتی کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امراض ہڈی میں مبتلا مریضوں کے لئے بہتر علاج ومعالجہ کی خاطر ہر ضلع میں سرکیولر نکالا گیا ہے ۔اُن کے مطابق بون اینڈ جوائنٹ اسپتال سرینگردس روز کے اندرا ندر دوبارہ آپریشنل بنا دیا جائے گا اور تب تک بیماروں کو جواہر لال نہرو ہسپتال رعناواری سرینگر، ضلع اسپتال پلوامہ ، ضلع اسپتال کولگام اور سب ضلع اسپتال کپواڑہ میں آرتھو پیڈک کلنک کی سہولیات میسر رکھی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ چار مارچ کی شام کو بون اینڈ جوائنٹ اسپتال میں آگ کی ہولناک واردات رونما ہونے کے بعد وہاں پر طبی شعبہ متاثر ہوا ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر میں آرتھوپیڈک مریضوں کے لئے پانچ اسپتالوں میں کلنک قائم کئے گئے ہیں جہاں پر ہڈیوں کے مریضوں کو چوبیس گھنٹے علاج ومعالجہ کی سہولیات دستیاب رہیں گی۔دریں اثنا محکمہ صحت نے ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس کے تحت مذکورہ پانچ اسپتالوں کے سپر انٹنڈنٹس کو حکم دیا گیا کہ وہ آرتھو پیڈک مریضوں کو سہولیات بہم رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائیں۔حکم نامہ کے مطابق 7مارچ پیر سے ان اسپتالوں میں یہ سروس چالو ہوگی اور مریضوں کو اطلا ع دی جاتی ہیں کہ وہ نامزد کئے گئے اسپتالوں کا رخ کریں۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان پانچ ہسپتالوں میں آرٹھوپیڈک شعبے سے وابستہ 14ڈاکٹر وں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ متعلقہ چیف میڈیکل آفیسران کو فوری طورپرنیم طبی عملے کی تعیناتی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی ہے۔بتادیں کہ فائنانشل کمشنر برائے ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن وویک بھاردواج نے ہفتے کے روز بون اینڈ جوائنٹ اسپتال کا دورہ کیا اوراس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ہڈیوں کے اسپتال کو دس دنوں کے اندرا ندر دوبارہ آپریشنل بنا دیا جائے گا۔