(سرینگر) نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبدا للہ کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کو منقسم کرنے کی سازشیں برابرجاری ہیں تاکہ ہماری حق کی آواز کو دبایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم شیرکشمیر شیخ محمد عبداللہ نے اپنی قید حیات میں اس بات کی پیش گوئی کی تھی کہ وہ بھی وقت ہوگا جب ریاست کی گلی گلی میں نئی جماعتیں اور گھر گھر لیڈر بنائے جائینگے جس کا مقصد ہماری آواز کو بے وزن کرنا ہوگا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ہری نارہ سنگھ پورہ پٹن میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
Dr Farooq Abdullah addresses a public gathering at Harinara, Singhpora, Pattan. Cautions people against divisive forces. Senior leaders Aga Mehmood, Reyaz Bedar were present on the occasion. Dr Farooq expressed sympathies with the bereaved family of party leader Jalal-ud-Din Wani pic.twitter.com/R6zh6aiwPw
— JKNC (@JKNC_) March 19, 2022
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام کو وطن اور ضمیر فروش عناصر سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ان وطن اور ضمیر فروش افراد پر زر کثیر خرچ کیا جارہا ہے تاکہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو مذہب، زبان اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جموںوکشمیر کے لوگوںکو جمہوری حقوق سے محروم رکھا جارہاہے اور دوسری جانب ایک منصوبہ بند سازش کے تحت یہاں کی آبادی کو نان شبینہ کا محتاج بنایا جارہاہے۔ایک عام آدمی کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور دو وقت کی روٹی کمانا بھی انتہائی مشکل ہوتا جارہاہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بے روزگار بیٹھیں ہیں اور عمر کی حدیں پار کررہے ہیں۔اْن کے مطابق بے روزگاری کی حدیہ ہے کہ ڈاکٹروں اور انجینئروں کی ایک بہت بڑی تعداد بے روزگار بیٹھی ہے، ایک وقت تھا جب حکومت ڈاکٹروں اور انجینئروں کی تلاش میں رہتی تھی لیکن آج حالات بالکل عین برعکس ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موجودہ چیلنجوں کا سامنا کرنے اور ان میں سروخرو ہونے کیلئے ہمیں ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں باہری اور اندرونی دشمنوں کو پہچان کر اْن کے ناپاک منصوبوں اور کوششوں کو خاک میں ملانا ہوگا۔
اس موقعے پر پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر آغا سعید محمود نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی وہ واحد سیاسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جوجموں وکشمیر کو موجودہ دلدل سے نکال سکتی ہے۔










