(سرینگر) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز کا کہنا ہے کہ”یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ وزیر داخلہ شری امیت شاہ نے ریاست جموں وکشمیر کے حالیہ دورے کے دوران کئی پہلوﺅں پر غلط بیانی سے کام لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تعجب انگیز بات ہے کہ امیت شاہ جی نے کہا ہے کہ آئین ہند کی دفعہ 370 کی منسوخی سے ریاست کے کئی طبقوں مثلاً عورتوں، دلت سماج ، پسماندہ طبقوں وغیرہ کو بہت فائدہ ملا ہے۔افسوسناک بات یہ ہے کہ امیت شاہ نے ان فوائد میں سے ایک فائدے کا بھی ذکر نہیں کیا ہے! سوز کے مطابق کیا ہی اچھا ہوتا اگر امیت شاہ اس جانکاری کے لئے کوشش کرتا کہ مہاراجہ ہری سنگھ نے دستاویز الحاق میں ہی 26 اکتوبر 1947 کو واضح طور بتایا تھا کہ ریاست صرف چار شعبوں میں الحاق کرتی ہے اور وہ چار شعبے دفاع، خارجی امور، مواصلات اور کرنسی ہیں۔ ان چار شعبوں کے علاوہ سارے امور میں ریاست خود مختار رہے گی!انہوں نے مزید کہاکہ مرکزی سرکار کےلئے یہ بات بھی اچھی ہوگی کہ وہ اس بات کا نوٹس لے کہ ریاست کے عوام کی بھاری اکثریت ریاست کی داخلی خود مختاری کی محافظ ہے اور اس داخلی خود مختاری کے حصول کےلئے اُن کی جدوجہد جاری رہے گی۔