(سرینگر) بجلی میٹر نصب کرنے کے خلاف وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں لوگوں نے چوتھے روز بھی اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے حکام کے خلاف نعرہ بازی کی اور شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیکر وہاں ٹریفک کی نقل و حمل روک دی ۔ تفصیلات کے مطابق چرار شریف میں چوتھے روز بھی میٹر نصب کرنے کے خلاف مرد و زن نے سرینگر چرار شریف شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے گاڑیوں کی آمد رفت کافی دیر تک معطل ہوکر رہ گئی۔ واضح رہے چرار شریف قصبے میں بجلی میٹر نصب کرنے کے خلاف لوگ پچھلے چار روز سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ منگل کے روز مرد و زن نے سرینگر شریف شاہراہ پر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں اس شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل معطل ہوکر رہ گئی۔احتجاج کرنے والوں نے بتایا کہ علاقہ کے اکثر لوگ چونکہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزر بسر کر رہے ہیں لہذا بجلی میٹر نصب کرنے کی وہ ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جب تک نہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے میٹروں کو نصب کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا تب تک ہم پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔نمائندے کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ساتھ نا انصافی برتی جا رہی ہے اور اس نا انصافی کو ختم کر دیا جائے ۔