(بجبہاڑہ) اننت ناگ ضلع کے گورنمنٹ ڈگری کالج بجبہاڑہ میں آج دوپہر ایک طالب علم بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔تفصیلات کے مطابق ایک طالب علم عمر فاروق ولد فاروق احمد ساکن دری گنڈ کو کالج کے احاطے کے باہر والی بال کھیلنے کے دوران بجلی کا کرنٹ لگ گیا۔طالب علم کو بے ہوشی کی حالت میں جی ایم سی اننت ناگ لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔طالب علم کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ نوجوان نے کالج کے باہر والی بال کو واپس لانے کے لیے کالج کی دیوار کو پار کرنے کی کوشش کی تھی۔اُنہوں نے بتایا، ” ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ طالب علم والی بال کھیل رہے تھے اور عمر باہر سے گیند لینے گیا تھا۔ وہ دیوار کے اوپر گیا اور عدم توازن کی وجہ سے وہ بجلی کی ترسیلی لائن کے ساتھ لگ گیا۔وہیں واقع کے بعد طلباء نے احتجاج شروع کر دیا اور الزام لگایا کہ کالج انتظامیہ نے زخمی طالب علم کو طبی علاج کے لیے نکالنے کے لیے وقت پر گاڑی فراہم نہیں کی۔رابطہ کرنے پر انچارج پرنسپل جی ڈی سی بجبہاڑہ نے ان الزامات کی تردید کی۔ کالج کے انچارج پرنسپل نے بتایا کہ "ہم نے طالب علم کو علاج کے لیے قریبی ہیلتھ مرکز پر لے جانے کے لیے بروقت گاڑی فراہم کی۔”