(سرینگر) سرینگر کے نیگین جھیل میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات زبردست آتشزدگی میں سات ہاوس بوٹس اور تین شیڈ جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آگ ایک ہاوس بوٹ سے شروع ہوئی اور ملحقہ کشتیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اگرچہ مقامی لوگوں اور پولیس نے آگ بجھانے کا آپریشن شروع کیا، لیکن آگ پر قابو پانے سے پہلے ہی ہاوس بوٹس "کافی حد تک” جل چکیں تھیں۔ فائر اینڈ ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واردات رات 2بج کر 26 منٹ کے قریب لگی اور آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی چھ فائر ٹینڈرز کو موقع پر پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ جھیل کے نگین کلب کی طرف تھی۔ اگرچہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، لیکن مقامی لوگوں کے مطابق نقصان بہت زیادہ ہوا ہے۔آگ سے متاثر شخص راج محمد نے میڈیا نمائندوں کو بتایا، ”آگ تقریباً 2 بجے ایک ہاوس بوٹ سے شروع ہوئی۔ اور پھر دوسری بوٹس میں پھیل گئی،میں نے سب کچھ کھو دیا ہے۔ میں اپنی بیوی کے ساتھ اس ہاؤس بوٹ پر کماتا تھا۔ یہی میرا ذریعہ معاش تھا۔ میں اب پناہ گاہ سے محروم ہوں اور مجھے رہائش کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ میرے پاس اللہ کے سوا کوئی سہارا نہیں ہے” راج محمد نے بتایا کہ آگ کی واردات میں اُسے تقریباً تین کروڑ روپے کا نقصان پہنچاہے،بیوی کا سونا اور دیگر زیورات بھی نہیں بچ پائے۔عہدیداروں نے بتایا کہ سات گھریلو کشتیوں کے علاوہ تین شیڈ بھی آگ میں جل گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس آگ لگنے کی وجہ معلوم کر رہی ہے۔ تباہ شدہ ہاوس بوٹس میں "رائل پیراڈائز، انڈیا پیلس، جرسی، للی آف دی ورلڈ، نیو مہاراجہ پیلس، ینگ سوئفٹ اور فلورا” شامل ہیں.