(کولگام) ضلع کولگام کے چیان دیوسر گاؤں میں فورسز کے ساتھ تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔ آئی جی کشمیر کے مطابق کولگام تصادم آرائی میں پاکستانی جنگجو اور اُس کا ساتھی ہلاک ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی جنگجو حیدر بھائی کی ہلاکت فورسز کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کو فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر کولگام کے چیان دیوسر علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار اعلیٰ الصبح جونہی سلامتی عملے سے وابستہ اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، جوابی کارروائی میں دونوں جنگجو مارے گئے۔ انہوں نے کہاکہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
#KulgamEncounterUpdate: Both the trapped #terrorists killed. #Incriminating materials including arms & ammunition recovered.
Search going on. Further details shall follow.@JmuKmrPolice https://t.co/YRsKZLTHm3— Kashmir Zone Police (@KashmirPolice) May 8, 2022
ترجمان کے مطابق پاکستانی جنگجو حیدر بھائی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھا جبکہ اُس کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہلوک جنگجو حیدر پاکستان کا ساکن ہے اور وہ ضلع بانڈی پورہ میں پچھلے دو سال سے سرگرم تھا اور حال ہی میں وہ جنوبی کشمیر منتقل ہوا۔