(اننت ناگ) اننت ناگ ضلع کےمرہامہ بجبہاڑہ علاقے میں بدھ کو جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان ایک مسلح تصادم کا آغاز ہوا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز جموں وکشمیر پولیس نے مرہامہ علاقے کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کو علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک جنگل میں گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔