(بڈگام) پولیس نے بڈگام کے شیخ پورہ علاقے میں جمعرات کو چاڈورہ میں کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف کشمیری پنڈتوں کے احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے آنسو گیس کے گولے بھی داغے اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ مظاہرین نے بتایا کہ وہ صبح 11بجے تک لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا انتظار کر رہے تھے اور جب وہ نہیں آئے تو انہوں نے آئرپورٹ کی طرف مارچ کرنے کا فیصلہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو مطلع کیا ہے کہ ایل جی موقع کا دورہ کریں اور ہمیں ہمارے تحفظ کی یقین دہانی کرائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ راہول بھٹ کے قتل میں ملوث مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا۔ لیکن ایل جی موقع پر نہیں پہنچے اور ہمارے پاس آئرپورٹ کی طرف مارچ کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا۔جب مظاہرین آئرپورٹ کی طرف بڑھے تو موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے آنسو گیس کے چند گولے داغے۔حکام نے بتایا کہ مظاہرین میں سے "کچھ شرپسندوں” نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پولیس کو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہلکی طاقت کا استعمال کرنے پر مجبور کیا۔ ایک اہلکار نے کہا، ’’حالات اس وقت قابو میں ہیں”۔