(بانڈی پورہ) ضلع بانڈی پورہ کے برار آرگام علاقے میں فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں 02جنگجو مارے گئے ہیں۔آئی جی کشمیر نے بتایا کہ بدھ کے روز بانڈی پورہ کے جنگلات میں فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے والے دو جنگجو آراگام بانڈی پورہ میں پھنس کررہ گئے تھے جن کو مار گرایا گیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعے بعد دوپہر فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بانڈی پورہ کے برار آرگام علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔جوں ہی فورسز علاقے میں پہنچی، چھپے ہوئے جنگجوئوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے تصادم کا آغاز ہوا۔کشمیر زون پولیس نے آئی جی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے ایک ٹویٹ کر کے بتایا، ــ’’بانڈی پورہ میں جاری تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں، دونوں کی وابستگی اور شناخت کا پتہ لگایا جا رہا ہےـ‘‘۔اُنہوں نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔