امت نیوز ڈیسک //علیحدگی پسند رہنما محمد یاسین ملک کو دہلی کی ایک عدالت کی جانب سے ٹیرر فنڈنگ معاملے میں عمر قید کی سزا سنائے جانے کے رد عمل میں آج وادی کشمیر میں جزوی ہڑتال منائی گئی۔ سرینگر شہر بشمول تجارتی مرکز لال چوک اور یاسین ملک کے آبائی علاقہ مائسمہ میں تمام تجارتی مراکز اور دکانیں بند رہیں۔ عوامی ٹرانسپورٹ اور لوگوں کی نقل و حرکت بھی کم دیکھی گئی تاہم سرکاری دفاتر اور اسکول کھلے رہے۔
اگرچہ پولیس کی جانب سے مائسمہ علاقے میں جانے سے کسی کو روکا نہیں جا رہا ہے تاہم امن و قانون کو برقرار رکھنے کہ لیے وقتاً فوقتاً علاقے کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ وہیں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار بھی غیراعلانیہ طور پر کم کر دی گئی ہے۔ گزشتہ روز یاسین ملک کو سزا سنائے جانے کے بعد مائسمہ میں ہوئے احتجاج اور پتھر بازی میں ملوث دس نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔واضع رہے کہ گزشتہ روز این آئی اے کی ایک عدالت نے محمد یاسین ملک کو دو مقدمات میں عمر قید کی سزا کے علاوہ 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔