امت نیوز ڈیسک // جنوبی ضلع اننت ناگ کے شیتی پورہ بجبہاڑہ میں فوج کو عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی ایک اطلاع موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد فوج، پولیس اور ایس او جی نے شیتی پورہ علاقہ کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کیا۔ تلاشی کے دوران سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان انکاؤنٹر شروع ہو گیا۔ تازہ اطلاع کے مطابق تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ تاحال علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔قبل ازیں سکیورٹی فورسز کو علاقے میں عسکریت پسندوں کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد پولیس فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکی کارروائی شروع کی ہے۔ تلاشی کے دوران جونہی سکیورٹی فورسز علاقے میں چھپے عسکریت پسندوں کے قریب پہنچے تو انہوں نے سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے بعد سرچ آپریشن نے انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر لی۔
کشمیر پولیس زون نے افیشل ٹویٹر پر انکاؤنٹر کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے لکھا کہ بجبہاڑہ کے شتی پورہ علاقے میں ہوئے تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا ہے۔ مارے گئے عسکریت پسندوں کی شناخت اسحاق احمد گنائی اور یاور ایوب کے طور پر کی گئی ہے۔