سری نگر//سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں پیرکے روز وادی وارد ہوئی ۔
معلوم ہوا ہے کہ فورسز کانوائی کے پیش نظر سری نگر جموں شاہراہ پر جگہ جگہ سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کے روز سری نگر جموں شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر اضافی پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں پیر کے روز وادی وارد ہوئی ۔
اُن کے مطابق خصوصی گاڑیوں میں سوار فورسز گاڑیاں وادی وارد ہوئی اور اُنہیں جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیاجا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں اضافی کمپنیاں ملک کی مختلف ریاستوں سے جموں پہنچے اور پیر کے روز اُنہیں وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق وادی پہنچتے ہی اضافی اہلکاروں کو جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ یاترا کے احسن انعقاد کے لئے ‘امسال یاترا کے لئے جموں صوبہ میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، لکھن پور سے جواہر ٹنل تک جو 268 کلو میٹر قومی شاہراہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، جموں، اودھم پور اور رام بن سے گزرتی ہے، کو مختلف زونوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک افسر کو لگایا گیا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ یاترا کو سب سے زیادہ دراندازی کا خطرہ رہتا ہے جس کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: ‘سالانہ امرناتھ یاترا کو سب سے بڑا خطرہ یہ رہتا ہے کہ کہیں دراندازی نہ ہوجائے اور اس کے بعد کہیں کوئی واردات پیش نہ آجائے اس لئے سیکورٹٰی گرڈ کو مزید مستحکم کیا گیا ہے’۔
ذرائع نے کہا کہ یاترا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے بارڈر پولیس فورس کے ساتھ ساتھ بی ایس ایف کی اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے، یہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں اپنے مورچے لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد کی طرف سے قومی شاہراہ کی طرف آنے والی تمام سڑکوں پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں، کئی جگہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں اور جو قومی شاہراہ کے چیک پوسٹس ہیں انہیں مزید مستحکم کیا گیا ہے وہاں سینٹرل پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔
بتادیں کہ 30جون سے سالانہ امر ناتھ یاترا شروع ہونے جارہی ہے اور ایک اندازے کے مطابق دس لاکھ کے قریب یاتری اس بار پوتر شیو لنگم کے درشن کے لئے آئیں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں گزشتہ ہفتے ہی امر ناتھ یاترا کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فیصلہ لیا گیا کہ ڈیڑھ سو اضافی کمپنیوں کویاترا روٹوں پر تعینات کیا جائے گا.