نئی دہلی: صدر جمہوریہ عہدے کے لئے اپنے نام کی امیدواری سے متعلق ہفتہ کے روز نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبداللہ نے بڑا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ہندوستان کے صدر کے لئے ممکنہ مشترکہ اپوزیشن امیدوار کے طور پر اپنا نام غور کئے جانے سے واپس لیتا ہوں۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ جموں وکشمیر ایک اہم موڑ سے گزر رہا ہے اور ان غیریقینی صورتحال کو نیویگیٹ کرنے میں مدد کرنے کے لئے میری کوششوں کی ضرورت ہے۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ میرے آگے بہت زیادہ سرگرم سیاست ہے اور میں جموں وکشمیر اور ملک کی خدمات میں مثبت تعاون دینے کے لئے پابند عہد ہوں۔ میرا نام تجویز کرنے کے لئے میں ممتا دیدی کا شکر گزار ہوں۔ میں ان سبھی سینئر لیڈران کا بھی شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے اپنی حمایت دی۔
ممتا بنرجی کی طرف سے اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ بلائی گئی میٹنگ میں صدر جمہوریہ عہدے کے امیدوار کے لئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شردپوار یا پھر فاروق عبداللہ کے ناموں کو ایک متبادل کے طور پر رکھا گیا تھا، لیکن دونوں لیڈران نے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ شرد پوار پہلے ہی اپنا نام واپس لے چکے ہیں۔(نیوز 18)