بھدرواہ//ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ میں ہفتہ کو صبح 7 بجے سے کرفیو میں 12 گھنٹے کے لیے نرمی کر دی گئی ہے ، وہیں قصبہ میں انٹرنیٹ خدمات پر عائد پابندیاں برقرار ہیں۔
ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں 9 جون کو بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر تبصرے اور ان کی حمایت میں مقامی افراد کی کچھ سوشل میڈیا پوسٹس پر ہونے والے احتجاج کے تناظر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ قصبہ میں صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے اور تمام تعلیمی ادارے احتیاطی اقدام کے طور پر ہفتہ کو 10ویں دن بند رہیں گے اور پیر کے روز دوبارہ کھلنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ اور موبائل انٹرنیٹ خدمات پورے ڈوڈہ میں معطل رہیں اور توقع ہے کہ دن کے آخر میں سینئر سول اور پولیس افسران کی طرف سے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بحال کر دیا جائے گا۔
اسی دوران کرفیو میں نرمی کے اعلان کے ساتھ شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ لوگ دودھ، روٹی اور دیگر ضروری اشیاءکی خریداری کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔
بھدرواہ میں پہلے کرفیو میں 15 جون کو دو گھنٹے کے لیے نرمی کی گئی، اس کے بعد 16 جون کو دو مرحلوں میں پانچ گھنٹے اور 17 جون کو چار گھنٹے کے لیے کرفیو میں نرمی کی گئی تھی۔
حکام نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے شہر میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے..