پلوامہ: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے توجن علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں فورسز نے دو عسکریت پسند مارے گئے ہیں ۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی آپریشن جاری ہے۔
آئی جی پی کشمیر کے مطابق مارے گئے عسکریت پسند میں سے ایک کی شناخت جیش محمد کے ماجد نذیر کے طور پر ہوئی ہے جو ایس آئی فاروق احمد میر کے قتل میں ملوث تھا۔
اطلاعات کے مطابق فوج کو علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں ایک مصدقہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد فوج نے علاقے کو محاصرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔ علاقے میں عسکریت پسندوں نے فوج پر گولیاں چلائی جس کے بعد فوج نے جوابی کارروائی شروع کی۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے پامپور علاقے میں پولیس سب انسپکٹر کی لاش پراسرار حالت میں ملی تھی۔ پولیس سب انسپکٹر کی لاش سانبورہ پانپور میں ان کے آبائی گاؤں کے دھان کے کھیتوں میں دیکھی گئی۔ پولیس نے متوفی کی شناخت ایس آئی فاروق احمد میر ولد عبد الغنی میر ساکنہ سانبورہ پانپور کے طور پر کی تھی جو لیتہ پورہ کے 23آئی آر پی بٹالین میں تعینات تھے۔