پونچھ// یوتھ نیشنل کانفرنس کے صدرِ صوبہ جموں و سابق ایم ایل اے پونچھ اعجاز جان نے گذشتہ روز پونچھ کے بلاک منڈی کے گگریاں گاﺅں میں ہولناک آگ کی وادارت سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملے۔ اُن کے ہمراہ صدرِ بلاک عبدالاحد بٹ، سرپنچ مبشر بانڈے بھی تھے۔ آتشزدگان سے بات چیت کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈروں نے آتشزدگی کے واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندان کے ارکان سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرین کیساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس غم کی اس گھڑی میں برابر شریک ہے تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ بڑی راحت کی بات ہے کہ آگ کی ہولناک وادارت میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے یا پھر کسی کو چوٹ نہیں لگی۔ اعجاز جان نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر فی کنبہ بطور ایکس گریشیا اور باآبادکاری امداد 20لاکھ روپے کا اعلان کریں جن کے مکان آگ کی اس ہولناک واردات میں خاکستر ہوگئے ہیں اور ناقابل رہائش ہیں۔ نیشنل کانفرنس لیڈر نے محکمہ جنگلات سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد ان کے مکانات کی تعمیر نو کیلئے لکڑی فراہم کرے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات پونچھ ضلع کے منڈی کے علاقے گگریاں وزلی ساوجیاں میں رات آگ لگنے کے واقعہ میں متعدد خاندانوں کو بے گھر کر دیا گیا تھا۔اعجاز جان کے ہمراہ سرپنچ عبدالرزاق، عبدالجبار تانترے، غلام محمد لون، خلیل لون، سلیم لون، سجاد بٹ، چیئرمین بشیر، صادق ملک اور دیگر بھی تھے۔