سرینگر: جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی جی 7 اجلاس میں اظہار رائے آزادی کی حفاظت کی بات کرتے ہیں وہیں دوسری جانب آلٹ نیوز فیکٹ چیکر کے شریک بانی محمد زبیر کو دہلی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جو طریقہ کشمیر میں اپنایا ہے اب یہی طریقہ کار پورے ملک میں مخالفین اور صحافیوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا محبوبہ مفتی نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بھارت جو دنیا میں جمہوری نظام سے معروف تھا اب بی جے پی سرکار اس کو چین جیسے نظام کی طرف لے جارہا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ محمد زبیر کو پولیس نے ان کی سچی صحافت اور بی جے پی کی معطل شدہ ترجمان نُپور شرما کی طرف سے گستاخانہ الفاظ کے متعلق رپورٹ کرنے کے تحت گرفتار کیا ہے۔