(نئی دہلی) اودے پور میں سابق بے جے پی ترجمان نوپور شرما تنازعہ کے سبب ایک ٹیلر کو قتل کئے جانے کے واقعہ نے پورے ملک میں سنسنی پیدا کردی ہے ۔ ملک بھر سے مسلم تنظیموں نے اس واردات کی مذمت کی ہے۔ اب مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ کسی بھی مذہبی مقدس شخصیت کی شان میں گستاخی کرنا ایک سنگین جرم ہے، پی جے پی کی ترجمان ونمائندہ نپور شرما نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں جو اہانت کی حرکت کی ہے، وہ مسلمانوں کے لئے بے حد تکلیف دہ ہے، نیز حکومت کا اس پر کوئی کارروائی نہیں کرنا زخم پر نمک رکھنے کے مترادف ہے لیکن اس کے باوجود قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا اور کسی شخص کو بطور خود مجرم قرار دے کر قتل کر دینا نہایت قابل مذمت حرکت ہے، نہ قانون اس کی اجازت دیتا ہے اور نہ اسلامی شریعت اس کو جائز ٹھہراتی ہے۔ اس لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اُدے پور (راجستھان) میں پیش آنے والے واقعہ کی سخت مذمت کرتا ہے، بورڈ اس مسئلہ میں شروع سے ایک طرف مسلمانوں سے اپیل کرتا رہا ہے کہ وہ صبر سے کام لیں اور قانونی راستہ اختیار کریں۔
قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا قابل مذمت، افسوس ناک اور غیر اسلامی حرکت
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا بیان pic.twitter.com/hwT9gglxwM
— Khalid Saifullah Rahmani (@hmksrahmani) June 29, 2022
دوسری طرف حکومت سے اپیل کرتا رہاہے کہ یہ مسلمانوں کے لئے بہت ہی جذباتی مسئلہ ہے؛ اس لئے کسی بھی مقدس مذہبی شخصیت کی اہانت کے سلسلہ میں سخت قانون بننا چاہئے اور ایسے مسائل میں فوری طور پر کارروائی کرنی چاہئے، بورڈ ایک بار پھر مسلمانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ہرگز قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیں اور ایسے کسی بھی عمل سے بچیں جو سماجی یکجہتی اور ہم آہنگی کو متأثر کرتی ہو۔