سرینگر/// جموں کشمیر میں کووڈ کے کیسوں میں اتار چڑھاﺅ کے بیچ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 94نئے افراد کے ٹیسٹ بیماری کیلئے مثبت آنے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد 455183تک پہنچ گئی ہے ۔ادھر نئے معاملات کے ساتھ ہی فعال معاملات کا ہند سہ 500عبور کر گیا ہے ۔ جموںکشمیر میں کورونا وائرس کے کیسوں میں کچھ دنوں سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں جمعہ کو کووڈ کے 94نئے کیس ریکارڈ کیے گئے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 455183ہو گئی تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیماری سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، حکام کے مطابق نئے کیسوں میں سے 62جموں صوبے اور 32کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔انہوںنے بتایا کہ جموں کشمیر میں اس وقت 500 فعال معاملات ہیں جب کہ اب تک شفایاب مریضوں کی تعداد 449882تک پہنچ گئی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ جمعہ کوویڈ 19 کے 42مریض صحت یاب ہوئے، جن میں سے 26 جموں اور 16کشمیر صوبے سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ادھر کیسوں میں اضافہ کے چلتے ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے لوگوں سے کہا ہے کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیںہے ۔ جبکہ آج بھی ملک کے کچھ حصوں کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی کووڈ کے کیسوں میں گزشتہ کچھ روز سے اضافہ کے بیچ ڈائریکٹر سکمز کا کہنا ہے کہ کووڈ کیسوں میںاضافہ سے لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے تاہم احتیاط لازمی ہے ۔