اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ڈورو، اننت ناگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیندوے کے حملے میں چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی ہونے والے افراد میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔ تیندے کے حملے میں زخمی ہوئے افراد کا ڈورو اسپتال میں علاج چل رہا ہے اور معالجین کے مطابق زخمی ہوئے سبھی افراد کی حالت مستحکم ہے۔
جنوبی کشمیر کے ڈورو، اننت ناگ میں تیندوے کا قہرزخمی ہونے والے افراد میں محبوبہ اختر زوجہ محمد یوسف ڈار، ظریفہ بانو زوجہ عبدالعزیز ڈار، نادی جان دختر محمد یوسف اور ثاقب احمد ولد محمد یوسف شامل ہیں۔
زخمی ہوئے سبھی افراد کریری، ڈورو کے رہائشی ہیں۔ تیندوے کے حملے میں لوگوں کے زخمی ہونے کے اطلاع کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ڈی ایچ ڈورو، ڈاکٹر رفیع سلاتی نے بتایا کہ ’گزشتہ شام دو زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا تھا اور آج صبح مزید چار افراد کو زخمی حالت میں ایس ڈی ایچ ڈورو لایا گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مطابق ان پر تیندوے نے حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ زخمی ہوئے سبھی افراد کی حالت مستحکم ہے اور اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔