سرینگر: جموں و کشمیر وقف بورڈ نے ہفتے کے روز کہا کہ سرینگر کے عیدگاہ میں نماز عید ادا نہیں کی جا سکتی ہے کیونکہ وہاں صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے جو درخواست انہیں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کی جانب سے موصول ہوئی، وہ کافی دیر سے موصول ہوئی۔ ایسے میں بارشوں کے چلتے وقف بورڈ کے لیے انتظامات کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے 6 جولائی کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عید الاضحی کی نماز عیدگاہ سرینگر میں صبح 9 بجے ادا کی جائے گی اور اگر موسم ناسازگار رہا تو اس صورت میں نماز عید تاریخی جامع مسجد سرینگر میں ہی ادا کی جائے گی۔
ایسے میں انجمن اوقاف نے عیدگاہ میں ضروری انتظامات کرنے کے لیے جموں وکشمیر وقف بورڈ کو ایک خط بھی لکھا تھا۔تاہم وقف بورڈ نے خط دیر سے پہنچنے اور بارشوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے ’’عید گاہ میں نماز عید کے لیے انتظامات کرنا ناممکن ہے۔‘‘وقف بورڈ نے انجمن اوقاف سے لوگوں کو نماز عید مقامی مساجد میں ہی ادا کرنے کا مشورہ دینے کی اپیل کی ہے۔