سرینگر – جموں شاہراہ بند، یاتری، مسافرین جموں میں درماندہجموں سے بدھ کو ایک ہزار سے زائد یاتری امرناتھ گپھا کے لیے روانہ ہوئے تھے تاہم شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بند ہونے سے انہیں یاتری نواس رام بن میں ٹھہرایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے مزید یاتریوں کو شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کے بعد ہی وادی کشمیر کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔ٹریفک حکام کے مطابق سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ضلع رام بن کے مہند علاقے میں پتھر گر آنے کے سبب ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق بحالی کا کام شد و مد سے جاری ہے اور موسم سازگار رہنے کی صورت میں شاہراہ کو بدھ کی شام تک بحال کر دیا جائے گا۔ ٹریفک حکام کے مطابق شاہراہ کی کلیئرنس تک کسی بھی جانب سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دریں اثنا، زوجیلا کے مقام پر مرمت کے پیش نظر سرینگر- سونامرگ – گمری سڑک کو بھی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ جموں خطہ کے راجوری اور پونچھ اضلاع کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑنے والی تاریخی مغل شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت جاری ہے۔







