سری نگر// جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے جموں و کشمیر کی انتخابی فہرستوں میں غیر مقامی افراد کو شامل کرنے کے معاملے پر بحث کے لیے سری نگر میں منعقد کل جماعتی اجلاس سے دوری اختیار کر لی۔
زرائع کے مطابق، غیر مقامی لوگوں کو ووٹ دینے کے حقوق کے معاملے پر بات چیت کیلئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیر قیادت کل جماعتی اجلاس میں اپنی پارٹی کا کوئی بھی رہنما شامل نہیں ہوا۔
خبر رساں ایجنسی – کے مطابق اپنی پارٹی کے اہم رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی بنا پر کہا،”کل جماعتی اجلاس ایک فضول مشق ہے۔ ہم اجلاس میں کیوں شرکت کریں؟ ہماری پارٹی حکومت کی طرف سے جاری کردہ وضاحت سے مطمئن ہے”۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز کانفرنس نے بھی اجلاس میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا تھا اور سجاد غنی لون نے اس معاملے میں مکمل وضاحت نہ ملنے پر دہلی میں حکومت مخالف بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیرِ قیادت کل جماعتی اجلاس میں شیوسینا نے بھی شرکت کی ۔