پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے چیواہ، اولر ترال علاقے میں اُس وقت غم و اندوہ کہ لہر دوڑ گئی جب مقامی باشندوں کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک مقامی نوجوان کی ریاست راجستھان میں سانپ کے کاٹنے سے موت واقع ہو گئی۔ سانپ کے کاٹنے سے فوت ہوئے نوجوان کی شناخت اٹھارہ سالہ شاکر احمد وانی ولد گل محمد وانی کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق شاکر احمد مگس بانی کے کاروبار سے منسلک تھا اور ریاست راجستھان میں کچھ ماہ سے عارضی طور پر مقیم تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایک زہریلے سانپ کے کاٹنے سے اسکی موت واقع ہو گئی۔ یہ خبر علاقہ پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا خواتین سینہ کوبی کرتی ہوئی زار و قطار رہنے لگیں، وہیں میت کو گھر لانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔








