امت نیوز ڈیسک ///
سرینگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہفتہ کے روز شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ جا کر معروف شیعہ لیڈر اور سنیئر علیحدگی پسند رہنما مولانا عباس انصاری کی عیادت کی۔ انہوں نے مولانا عباس انصاری کی طبیعت اور جاری علاج سے متعلق ڈاکٹر صاحبان سے جانکاری حاصل کی۔ فاروق عبداللہ نے عباس انصاری کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا بھی کی۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمان اعلیٰ تنویر صادق، سلمان علی ساگر سمیت دیگر لیڈران و کارکنان بھی موجود تھے۔
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے بھی سکمز صورہ جاکر علیل مولانا عباس انصاری کی عیادت کی، انہوں نے انصاری کی جلد صحت یابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ علیحدگی پسند تنظیم کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مولانا عباس انصاری کی طبیعت بدھ کے روز بگڑ گئی جس کے بعد انہیں سرینگر کے سکمز صورہ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس وقت ان کا علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔