امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی کی دختر التجا مفتی نے کہا ہے کہ وہ سیاست میں آنے سے گریز کریں گی۔ اتوار کو میڈیا سے بات چیت میں التجا نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال میں خوف کا ماحول ہے، اس لیے میں سیاست میں نہیں آنا چاہتی۔‘‘ سابق وزیر اعلیٰ کی دختر کا مزید کہنا ہے کہ وہ ’’سیاست میں شامل ہونے اور خبروں میں رہنے‘‘ کی طرف مائل نہیں۔
التجا مفتی نے سیاست میں آنے کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا اور کہا کہ ’’کسی کی زندگی میں ایسے حالات آتے ہیں جو راہ نما ہوتے ہیں۔ کیونکہ مستقبل کے بارے میں کوئی کچھ نہیں جانتا۔‘‘ ایک کانفرنس میں موجود التجا نے کہا کہ ’’موجودہ ماحول میں، جہاں سیاستدان اور صحافی سٹینو گرافر بن گئے ہیں، میں ایسے ماحول میں سیاست میں نہیں آنا چاہتی۔‘‘ التجا کے مطابق سیاست کا مقصد عوام سے رشتہ استوار کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی پی کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی پوتی ہونے کے ناطے اس نے پیدائش سے ہی سیاست کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’سیاست دوسرے افراد کے لیے پرکشش ہو سکتی ہے، یہ مجھے بالکل مائل نہیں کرتی۔‘‘ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ہمارے پاس شہری ہونے کے حقوق اور آزادی نہیں۔‘‘
التجا مفتی نے کہا کہ ’’حالات معمول پر آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے حکومت سیاحت کو اسپانسر کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن سچ یہ ہے کہ 2019 سے شہری ہلاکتوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘‘ مفتی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بے شک، میری سیکورٹی واپس لے لو، لیکن اقلیتوں کی تحفظ فراہم کرو“. ( ای ٹی وی بھارت)