امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں و کشمیر کے سابق وزیر حکیم یاسین کی سیاسی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ (پی ڈی ایف) کو غیر فعال رہنے کے پاداش میں پارٹی کا رجسٹریشن منسوخ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایف غیر فعال ہے اور جانچ کے بعد یہ پایا گیا کہ پارٹی کا دفتر بھی کئی برسوں سے بند ہے جس کہ وجہ سے الیکشن کمیشن کی جانب سے خطوط کا جواب بھی نہیں دیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایف کو حکیم یاسین نے سنہ 2005 میں تشکیل دیا تھا اور اس جماعت نے حکیم یاسین کی قیادت میں دو اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا جس میں حکیم یاسین کے علاوہ کوئی بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوا تھا۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے جموں کشمیر سیو سرینگر فرنٹ کا رجسٹریشن بھی منسوخ کر دیا ہے۔
اس سے قبل سابق وزیر غلام حسن میر کی ڈیموکریٹک نیشنلسٹ فرنٹ کا رجسٹریشن بھی منسوخ کر دیا گیا تھا کیونکہ غلام حسن میر الطاف بخاری کی اپنی پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔