امت نیوز ڈیسک :
گوالیار: وزیر اعظم نریندر مودی آج سخت حفاظتی انتظامات میں مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپور میں واقع کونو نیشنل پارک پہنچے، جہاں وہ تقریباً 70 سال بعد نامیبیا سے لائے گئے چیتوں کو باضابطہ طور پر پارک میں چھوڑ کر ملک میں چیتے کی نسل دوبارہ آباد کرنے کے اہم منصوبے کی شروعات کی۔
قبل ازیں مودی دہلی سے روانہ ہوئے اور صبح تقریباً 10 بجے خصوصی طیارے کے ذریعے گوالیار پہنچے، جہاں گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور دیگر معززین نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد پی ایم مودی فوج کے خصوصی ہیلی کاپٹر سے کونو نیشنل پارک پہنچے۔ کونو نیشنل پارک کے علاقے میں مودی کے ہیلی کاپٹر کو اتارنے کے لیے ہیلی پیڈ تیار کیا گیا تھا۔اس سے پہلے آٹھ چیتے کو کل نامیبیا سے خصوصی طیارے کے ذریعے لایا گیا تھا، جو صبح گوالیار ہوائی اڈے پر اترا۔ ہوائی اڈے پر، شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے خصوصی طیارے میں سوار خصوصی ٹیم کا استقبال کیا۔ سندھیا کی موجودگی میں، خصوصی پنجڑے طیارے سے اتار کر ہیلی کاپٹر میں رکھے گئے۔ ان پنجڑوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کونو نیشنل پارک لے جایا گیا۔ مودی کے کونو پہنچنے سے پہلے ہی چیتے کونو نیشنل پارک پہنچ چکے تھے۔
مودی اپنی سالگرہ پر مدھیہ پردیش کی سرزمین سے چیتوں کا تحفہ دیں گےمودی کونو میں چیتوں کو باضابطہ طور پر چھوڑنے کے بعد چیتے دوست ٹیم سے بات چیت کی۔ کونو علاقے میں چیتے دوست بھی تعینات کیے گئے ہیں، جنہیں چیتوں کی حفاظت کے لیے ضروری تربیت دی جائے گی۔ کونو نیشنل پارک سے بے گھر ہونے والے کچھ دیہات کے مکینوں کو چیتا دوست بنا دیا گیا ہے۔(یو این آئی)