امت نیوز ڈیسک //
امرتسر: پنجاب کے امرتسر ضلع میں مبینہ طور پر پاکستان کی طرف سے داخل ہونے والے ڈرون کو بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے مار گرایا۔ بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے پاکستانی سرحد کے قریب پاکستان کی طرف سے ایک ڈرون کو آتے دیکھا جس پر انہوں نے گولیاں چلائیں اور ڈرون کو مار گرایا۔ اس سلسلے میں بی ایس ایف کی جانب سے تلاشی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی شام تقریباً 7.40 بجے امرتسر ضلع میں ایک ڈرون بھارتی علاقے میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد بی ایس ایف جوانوں نے ڈرون پر فائرنگ کی اور یہ راجاتال گاؤں میں جاگرا۔ بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے ڈرون کو کھیتوں سے برآمد کرلیا۔ اس سے قبل پنجاب میں بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان سے بھارت میں داخل ہونے والے ایک ڈرون کو بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے مار گرایا تھا۔
بی ایس ایف کے ترجمان نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح پونے آٹھ بجے کے قریب امرتسر سیکٹر میں پُلمورن سرحد کے قریب ڈرون کا علم ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ بی ایس ایف کے اہلکاروں نے ڈرون پر گولی چلائیں اور اسے نیچے لے آئے۔ ڈرون ضبط کر لیا گیا۔ علاقے کی تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس نے کہیں کوئی کھیپ تو نہیں گرائی ہے۔
واضح کہ یہ مسلسل تیسرے روز پنجاب میں ڈرون گرایا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک ویمن اسکواڈ نے سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے 3.1 کلوگرام منشیات لے جانے والے ڈرون کو مار گرایا تھا۔ منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنانے کے لیے سرحد پر تعینات جوان مستعدی کے ساتھ گشت کررہے ہیں۔