امت نیوز ڈیسک //
سری نگر،26 دسمبر:جموں وکشمیر ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن نے پیر کو یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے کئی مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجی اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کرتے تھے۔
اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر عبدالرشید نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفئر نے جو ویری فکیشن کے متعلق حالیہ آرڈر نکالا ہے اس کو واپس لیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا: ’ہم ویری فکیشن کے خلاف نہیں ہیں لیکن جو ہم سے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، راشن کارڈ وغیرہ مانگے جاتے ہیں اب ایک جسمانی طور ناخیز شخص جو گھر سے باہر نہیں سکتا ہے کیسے دفتروں کا چکر کاٹے گا‘۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کو ایک ٹیم تشکیل دینی چاہئے جو جسمانی طور معذور لوگوں کے گھر پہنچ کر ان کی ویری فکیشن کریں گے۔
موصوف صدر نے کہا کہ اگر کسی کی ڈس ابلٹی سرٹیفکیٹ جعلی ہے تو اس کے لئے بھی متعلقہ سی ایم او دفتر میں ویری فکیشن ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ماہانہ مشاہراہ ایک ہزار روپیے ہے جس کو بڑھا کر کم سے کم پانچ ہزار روپیے ماہانہ کیا جانا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ تعلیم یافتہ جسمانی طور ناخیز افراد کو سرکاری نوکری اور کم تعلیم یافتہ لوگوں کو آسان قسطوں میں بینک قرضہ فراہم کیا جانا چاہئے۔
عبدالرشید نے کہا کہ جسمانی طور ناخیز افراد کو بجلی فیس، پانی کے فیس میں خصوصی رعایت اور انہیں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مفت تعلیم فراہم کی جانی چاہئے۔(یو این آئی)