امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر صوبہ کشمیر ناصر اسلم وانی نے پیر کے روز کہا کہ بجلی فیس میں بے تحاشہ اضافے کے باوجود بھی حکومت بجلی کی سپلائی پوزیشن بہتر بنانے میں ناکام ہے جبکہ دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی بھی ڈھنگ سے نہیں ہو رہی ہے ، حکمرانون کی غفلت شعاری اور نا اہلی سے عوام مختلف نوعیت کے مشکلات و مصائب سے دو چار ہیں۔
ان باتوں کا اظہارانہوں نے پارٹی ہیڈ کور ٹر پر عہد یداروں کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔
ناصر اسلم وانی نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری عوام کو راحت پہنچانے کی ہوتی لیکن بد قسمتی سے موجودہ حکمرانوں کی ترجیح عوامی مسائل اور مشکلات نہیں بلکہ دیگر ایسے معاملات ہیں جن کا فیصلہ کرنا ایک عوامی منتخبہ حکومت کا حق ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دراصل خواب غفلت میں پڑی ہے ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، بجلی اور پینے کا صاف پانی نایاب ہے اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بدترہو رہی ہے جبکہ تعمیر و ترقی کے کاموں کی رفتار بھی ماند پڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی نا اہلی اور حکمرانوں کی غفلت شعاری سے جموں و کشمیر میں ہر ایک شعبہ متاثر ہو رہا ہے۔ تعمیر و ترقی کا کہیں نام ونشان نہیں، کاروباری اور تجارتی ادارے زوال پذیر ہو رہے ہیں، روزگار کے مواقع معدوم ہو کر رہ گئے ہیں، نوجوانوں میں منشیات کی بدعت میں ہو شر بااضافہ ہو گیا ہے۔
ناصر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی مخدوش ہے جبکہ نئی دلی سے لیکر سرینگر تک حکمران کاغذی گھوڑے دوڑانے میں مصروف ہے۔