امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ جموں میں آج سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں چار دہشت گردوں کے مارے جانے کے درمیان ہونے والی اس میٹنگ کو اہم سمجھا جا رہا ہے۔ ایک الگ میٹنگ میں وزیر داخلہ نے مرکزی زیر انتظام علاقہ لیہہ لداخ سے متعلق منصوبوں اور وہاں کی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
وزارت داخلہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنر، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا اور وزارت اور سیکورٹی ایجنسیوں کے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سلامتی کی صورتحال پر خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں اور کووڈ انفیکشن میں اضافے کے خدشات سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی بات چیت کی گئی۔واضح رہے کہ آج جموں کے مضافات میں سدھرا کے نزدیک سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں چار عسکریت پسند کو ہلاک کیا گیا۔ تصادم کی جگہ سے جدید ترین اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔( یو این آئی)