امت نیوز ڈیسک //
ریاض: پرتگال کے لیجنڈری فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جنہوں نے حال ہی میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصرمیں شامل ہوگئے ہیں۔
النصر نے جمعہ کو ٹوئٹر پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’’تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔ یہ معاہدہ نہ صرف ہمارے کلب کو شاندار کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دے گا بلکہ ہماری لیگ، ہمارے ملک اور ہماری آنے والی نسلوں، لڑکوں اور لڑکیوں کو بہترین بننے کی ترغیب دے گا۔ کرسٹیانو، آپ کا آپ کے نئے گھر، النصر ایف سی میں خوش آمدید۔”
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو 2025 تک اس معاہدے کے پابند ہیں۔ رونالڈو نے گزشتہ ماہ باہمی معاہدے کی بنیاد پر انگلینڈ کے مانچسٹر یونائیٹڈ کلب سے اپنا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔
قطر میں منعقدہ فیفا ورلڈ کپ 2022 میں، پرتگال نے کوارٹر فائنل تک کا سفر کیا، حالانکہ وہ مراکش سے 0-1 سے ہار گیا تھا۔ پرتگال کے کوچ فرنانڈو سنٹوس نے سپر 16 اور کوارٹر فائنل میچوں کے لیے ابتدائی الیون میں رونالڈو کو شامل نہیں کیا تھا، حالانکہ انہیں میچ کے آخری حصے میں متبادل کے طور پر میدان میں بلایا گیا تھا۔