امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ:الصفا کالونی، سوپور سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ نوجوان جو گزشتہ نو سالوں سے جیل میں ہے – نے جیل میں ایل ایل ایم انٹرنس امتحان کوالیفائی کر لیا ہے۔ معلوام ہوا ہے کہ فیروز احمد ڈار نامی ایک نوجوان جو الصفا کالونی، سوپور کا رہائشی ہے نے مارچ 2013 میں ایک شخص کا قتل کیا جس کے بعد اسے عدالت نے مجرم قرار دیکر جیل بھیج دیا۔ فیروز احمد نے جیل میں ہی ایل ایل ایم انٹرنس امتحان کوالیفائی کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دوابگاہ، سوپور کے ایک رہائشی سہیل احمد صوفی کے قتل میں قید ہے۔ ابتدا میں سہیل احمد کو عسکریت پسندوں کی جانب سے ہلاک کیے جانے کی افواہ تھی تاہم بعد ازاں ایک شخص نے عدالت میں فیروز احمد کے خلاف گواہی دی کہ انہوں نے ہی سہیل احمد کا قتل کیا ہے۔ جس کے بعد عدالت نے فیروز کو قاتل قرار دیکر جیل بھیج دیا۔ فیروز گزشتہ نو برسوں سے جیل میں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایل ایل ایم امتحان کوالیفائی کرنے سے قبل فیروز نے بی ایس سی کی ڈگری سینٹرل جیل بارہمولہ سے 2016 میں مکمل کی۔ بعد ازاں انہوں نے ہیومین رائٹس کے موضوع پر بھی (IGNOU) کے ذریعے ڈگری حاصل کی اور 2020 میں ایل ایل بی کا امتحان پاس کر لیا۔