امت نیوز ڈیسک //
انسانی اسمگلنگ میں ملوث دنیا کے مطلوب ترین اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی افریقا کے ملک ایری ٹیریا سے تعلق رکھنے والے انسانی اسمگلنگ میں ملوث دنیا کے مطلوب ترین اسمگلر کو سوڈان سے گرفتار کیا گیا۔
انٹرپول حکام نے مطلوب ترین ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم متحدہ عرب امارات کے حکام کی کوآرڈینیشن سے گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کڈانے زیکریس پر انسانی اسمگلنگ اور اغوا کے الزامات ہیں جب کہ ملزم کے لیبیا میں کیمپ بھی ہیں جہاں یورپ میں پناہ تلاش کرنے والے مشرقی افریقا کے مہاجرین کو اغوا کرکے رکھا جاتا ہے۔
کڈانے پر الزام ہے کہ لیبیا میں موجود کیمپوں میں اس نے متعدد مہاجرین خواتین کوزیادتی کا نشانہ بنایا اور رہائی کے بعد بھتے بھی طلب کیے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کڈانے کی گرفتاری کے لیے ایتھوپیا اور نیدرلینڈز میں انٹرپول نے دو ریڈ نوٹس جاری کیے تھے، ملزم کو یکم جنوری کو سوڈانی پولیس نے یو اے ای حکام کے تعاون سے گرفتار کیا۔