امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں وکشمیر کے بالا کوٹ سیکٹر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈھنگری حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ بالاکوٹ کے سرحدی باڑ پر تعینات الرٹ فوجیوں نے اب تک دو عسکریت پسندوں کا سراغ لگا کر انہیں ہلاک کر دیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کی شام کو پونچھ کے بالا کوٹ سیکٹر میں فوج کی گشتی پارٹی نے سرحد کے نزدیک مشکوک افراد کی نقل وحرکت دیکھی جس کے بعد علاقے میں پانچ منٹ تک گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بالا کوٹ سیکٹر میں 19 مدراس رجمنٹ سے وابستہ اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران سرحد کے نزدیک مشکوک افراد کو دیکھا گیا۔ اُن کے مطابق مشتبہ افراد کو للکارنے کی خاطر فوج نے فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا۔