امت نیوز ڈیسک //
لاہور: بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو حال ہی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان سیریز میں پاکستان کی عبرتناک شکست کے بعد بابراعظم کی کپتانی خطرے میں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بابر سے ایک نہیں دو فارمیٹ کی کپتانی چھین سکتاہے۔
یہ فیصلہ پی سی بی کے جائزہ اجلاس کے بعد کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان ٹیم نے سال 2022 سے اب تک مجموعی طورپر 10 ٹسٹ میچز کھیلے ہیں جس میں اس نے صرف ایک میچ جیتا ہے۔ ایسے میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد پی سی بی جلد ہی جائزہ اجلاس کے بعد بڑا فیصلہ لے سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ان دنوں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ جہاں ماضی میں رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کا نیا چیئرمین بنایا گیاتھا۔ اس کے بعد بورڈ میں کئی بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں، نجم سیٹھی کے آتے ہی سلیکشن کمیٹی کو بھی ہٹا دیا گیا۔
ان کی جگہ شاہد آفریدی کو نیا چیف سلیکٹر بنایا گیا۔ ایسے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ شاہد آفریدی جلد ہی بابراعظم سے ونڈے اور ٹسٹ ٹیم کی کمان چھین سکتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی مدت ملازمت فروری میں ختم ہورہی ہے، اس لیے ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی امید کم ہے۔ ان کی جگہ شان مسعود کو یہ ذمہ داری مل سکتی ہے۔ 33 سالہ مسعود کو حال ہی میں شاداب خان کی جگہ ونڈے ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا تھا۔
ایک رپورٹ میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو دوبارہ ٹسٹ ٹیم کا کپتان بنایا جاسکتاہے۔ سرفراز نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹسٹ میچز کی 4 اننگز میں 3 نصف سنچریاں اور ایک سنچری کے ذریعہ ٹسٹ کرکٹ میں زبردست واپسی کی ہے۔