امت نیوز ڈیسک //
بھاجپا والے الیکشن سے کب تک بھاگیں گے، کبھی نہ کبھی تو انہیں عوام کا سامنا کرنا ہی پڑے گا، گذشتہ روز نئی دلی میں ہوئی آل پارٹی میٹنگ میں یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ کمیشن جموں و کشمیر میں انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے لیکن حکومت کی طرف سے ہری جھنڈی نہیں مل رہی ہے۔
ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر حلقہ انتخاب گریز کے پارٹی کارکنان اور عہدیداران کے پُروقار یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ابھی تک اس بات کا اندازہ لگایا جارہا تھاکہ الیکشن کمیشن جموں وکشمیر میں انتخابات کرانے نہیں چاہتا ہے لیکن گذشتہ روز نئی دلی میں ہوئی آل پارٹی میٹنگ میں الیکشن کمشنر آف انڈیا نے صاف صاف الفاظ میں کہا کہ ہماری طرف سے کسی بات کی کمی نہیں ہے، ہم جموں وکشمیر میں الیکشن کرانے کیلئے وزارتِ داخلہ سے موسم اور سیکورٹی صورتحال کے بارے میں گرین سنگل کا انتظار کررہے ہیں۔