امت نیوز ڈیسک //
پونچھ: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سورنکوٹ کے لسانہ گاؤں میں سابق رکن اسمبلی شیخ محمد اکرم کے مکان پر نامعلوم افراد نے 12 بور رائفل سے فائرنگ کردی، جس سے ایک اسٹریٹ لائٹ ٹوٹ گیا ہے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی سورنکوٹ پولیس ایس او جی، سی آر پی ایف و دیگر سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کردی، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بارہ بور رائفل سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کو رائفل سے نکلنے والی گولی کے چھرے موقع سے ملے۔ دیر رات تک علاقہ کو محاصرے میں لیا گیا تاہم ابھی تک گولی چلانے والے افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
پولیس کے مطابق پونچھ ضلع کے سورنکوٹ علاقے کے لسانہ میں ایک سابق رکن اسمبلی کے گھر پر فائرنگ کی گئی جس سے اسٹریٹ لائٹ کو نقصان پہنچا پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دیوار پر 12 بور رائفل کے چھرے کے نشانات تھے۔ اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مقامی لوگوں میں خوف وہراس کا ماحول ہے ۔
واضح رہے کہ راجوری کے ڈانگری علاقہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے گزشتہ دنوں تین رہائشی مکانوں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔ اس حملے میں چار افراد ہلاک جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ وہیں اس کے دوسرے دن اسی علاقہ میں ایک مشتبہ دھماکہ ہوا تھا۔ اس دھماکہ میں دو کمسن بچے ہلاک جب کہ کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ راجوری میں شہری ہلاکتوں کے خلاف ڈوڈہ، بدرواہ ، ٹھاٹھری اور کشتواڑ میں مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ سناتھن دھرم سبھا اور مسلم تنظیموں نے منگل کے روز پیر پنچال میں مکمل ہڑتال کی کال دی تھی۔