امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی:صدر دروپدی مرمو نے پیر کو نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کے 126 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مرمو نے ٹویٹ کیا، "پراکرم دیوس پر تمام ہم وطنوں نے مادر ہند کے عظیم فرزند نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ نیتا جی غیر معمولی ہمت اور حب الوطنی کی علامت ہیں۔ ان کی قیادت میں لاکھوں لوگوں نے بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں حصہ لیا۔ تمام بھارتی ہمیشہ ان کے مقروض رہیں گے۔ واضح رہے کہ سال 2021 میں مرکزی حکومت نے نیتا جی کے یوم پیدائش 23 جنوری کو پراکرم دیوس کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔
وہیں وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کے 126 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کی تاریخ میں ان کی منفرد شراکت کو یاد کیا۔ مودی نے ٹویٹ کیا، "آج پراکرم دیوس پر، میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور بھارت کی تاریخ میں ان کے منفرد تعاون کو یاد کرتا ہوں۔ انہیں نوآبادیاتی حکمرانی کے تئیں شدید مزاحمت کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ ان کے خیالات کی گہرائی سے متاثر ہو کر، ہم بھارت کے لیے ان کے وژن کو حقیقت بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔” قابل ذکر ہے کہ سال 2021 میں مرکزی حکومت نے نیتا جی کے یوم پیدائش 23 جنوری کو پراکرم دیوس کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ تب سے ہر سال 23 جنوری کو پراکرم دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سبھاش چندر بوس 23 جنوری 1897 میں اڑیسہ کے کٹک میں مشہور وکیل جانکی داس بوس کے گھر پیدا ہوئے تھے، انھوں نے جنگ آزادی میں حصہ لیا۔ سبھاش چندر بوس نے اپنے طالب علمی کے دور میں انگریز پروفیسر کو بھارتیوں کی بے عزتی کرنے پر تھپڑ مار دیا۔ سنہ 1919 میں وہ اعلی تعلیم کے لیے برطانیہ گئے۔ سبھاس چندر بوس 18 اگست 1945 کو وفات پائے۔ سبھاش چندر بوس ایک قوم پرست رہنما کے طور پر یاد کیے جاتے ہیں۔