امت نیوز ڈیسک //
بین الااقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مسلسل دوسرے سال ایک روزہ کرکٹ میں کرکٹر آف
دا ایئر قرار دے دیا۔ بابر اعظم نے گذشتہ سال 84 رنز سے زائد کی اوسط سے 679 رنز بنائے، جس میں ان کی تین سینچریاں بھی شامل تھیں۔
اسی بدولت گذشتہ سال بابر اعظم کی میچ وننگ اننگز، سٹروک پلے اور یادگار کارکردگی کی وجہ سے شاندار رہا۔ سال 2022 میں بھی بابر اعظم نے اسی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھا جو سال 2021 میں دیکھنے کو ملی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی نمبر ون کی رینکنگ کو بھی نہ صرف برقرار رکھا بلکہ اپنے رینکنگ پوائنٹس میں بھی اضافہ کیا۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بابر اعظم کی نمبر ون رینکنگ جولائی 2021 سے قائم ہے اور وہ جلد اس پوزیشن سے اترنے کے موڈ بھی دکھائی نہیں دیتے۔
یہ بات بھی حیران کن ہے کہ بابر اعظم نے 2022 کے پورے سال میں صرف نو ایک روزہ میچز کھیلے ہیں لیکن 28 سالہ بابر نے ان نو میچز میں تین سینچریاں اور پانچ نصف سینچریاں سکور کی ہیں اور صرف ایک میچ میں بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔
جب کہ سال 2022 میں بابر کی کپتانی میں پاکستان نے صرف ایک روزہ میچ میں شکست کا سامنا کیا۔ گذشتہ سال بابر کی یادگار ترین اننگز لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف 114 رنز کی اننگز رہی۔ بابر جب اس میچ میں بلے بازی کے لیے آئے تو پاکستان کو 187 گیندوں پر 231 رنز درکار تھے۔
بابر نے 73 گیندوں پر سینچری ا سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چند روز قبل ہی آئی سی سی نے پاکستان کے سٹار بلے باز بابر اعظم کو آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی قرار دیا ہے۔