امت نیوز ڈیسک //
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کو سری نگر کے علاقے شالٹینگ میں تہاڑ جیل میں نظر بند حریت (گ) رہنما ایاز اکبر کی جائیداد ضبط کرلی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے غیر منقولہ جائیداد پر قرقی کا نوٹس چسپاں کیا ہے جس میں لکھا ہے تمام لوگوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ محمد اکبر کھانڈے ولد رحمان کھانڈے، سکنہ ملورہ نزدیک امام البنا مسجد ، پولیس تھانہ پار چپورہ، سری نگر کے نام پر درج غیر منقولہ جائیداد موضع شالٹینگ تحصیل سری نگر میں سروے نمبر 31 کے تحت 1 کنال اور 10 مرلے اراضی ضبط کر لی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی این آئی اے میں درج ایک کیس آرسی 101 ، 7، 2017 این آئی اے / ڈی ایل آئی مورخہ 31 مئی 2023 کے تحت این آئی اے عدالت سے قرقی کے احکامات لینے کے بعد کی گئی۔
این آئی اے کے مطابق، محمد اکبر کھانڈے ایاز اکبر کے والد ہیں جو اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں گزشتہ چھ سال سے نظر بند ہیں۔ ایاز اکبر کی اہلیہ رواں برس اپریل میں کینسر سے جنگ ہارنے کے بعد انتقال کر گئیں









