امت نیوز ڈیسک //
سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر کے گرمائی دار الحکومت سرینگر سمیت وادی چناب میں منگل کی دوپہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ کشمیر کے علاوہ قومی دار الحکومت دہلی اور شمالی ہند کے کچھ علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلوں کے جھٹکوں سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ گھروں، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکلے۔
زلزلے کا مرکز جموں و کشمیر کا ضلع ڈوڈہ تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.4 ریکارڈ ہوئی ہے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق جموں وکشمیر میں منگل کی دوپہر 1 بج کر 33 منٹ پر زلزلہ ہوا۔ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈوڈہ تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت5.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 6 کلو میٹر تھی۔ تاہم کسی جگہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک زون پانچ اور چار میں آتا ہے۔یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سنٹر (EMSC) کے مطابق دوپہر 1:33 بجے آنے والے زلزلہ کا ایپی سنٹر (Epicentre) جموں اور کشمیر کے شمال مشرقی حصے میں 60 کلومیٹر گہرائی میں ٹکرایا۔ ای ایم ایس سی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے جموں و کشمیر میں محسوس کیے گئے جبکہ ایپی سنٹر ای این ای کشتواڑ سے 8 کلومیٹر دوری پر واقع ہے۔ دریں اثنا، قومی دارالحکومت دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں سمیت شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ان جھٹکوں کے سبب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
قبل ازیں، اتوار یعنی تین روز قبل ریاست آسام کے کچھ حصوں میں 3.6 شدت کے زلزلے نے پہاڑی علاقے کو ہلا کر رکھ دیا تھا، تاہم اس میں بھی کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔