امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ (جموں و کشمیر) :’’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) انتخابات کے لئے ہروقت تیار ہے خواہ وہ اسمبلی، بلدیاتی یا پھر پنچایتی انتخابات ہو۔ این سی پی ڈی پی نے بی جے پی کو اچھوت بنا کر رکھا تھا، آئندہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس زمین بوس ہوگی۔‘‘ ان باتوں کا اظہار بی جے پی کے اسٹیٹ جنرل سیکریٹری اور سابق وزیر سنیل کمار شرما نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں منعقدہ پارٹی پروگرام کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔سابق وزیر سنیل کمار شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’این سی بوکھلاہٹ کی شکار ہے، بی جے ہر وقت انتخابات کے لئے تیار ہے اور بی جے پی ہی آنے والے وقت میں جموں وکشمیر میں اپنے دم پر سرکار بنائے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا: ’’میں دعوے کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں سرکار بنائے گی جب کہ نیشنل کانفرنس دو تین اضلاع تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے اور جب تک انتخابات ہوں گے تب تک شاید عمر عبداللہ اکیلے بھی ہو جائیں گے۔‘‘
بی جے پی لیڈر نے عمر عبداللہ کی جانب سے انتخابات کے حوالہ سے دیے گئے بیان پر ان کی تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’عمر عبداللہ خود کی اور پارٹی کی فکر کریں اور بی جے پی کی فکر کرنا چھوڑ دے۔‘‘ بی جے پی لیڈر کے مطابق ’’بھارتی جنتا پارٹی ہر ایک کے دل میں ہے اور ہر گھر میں موجود ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’این سی اور پی ڈی پی جیسی جماعتوں نے بی جے پی کو اچھوت بنانا کے رکھا تھا تاہم آج لوگ ان کے حربوں سے باخبر ہو چکے ہیں اور بی جے پی کو ہی آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوگی۔‘‘
بعد ازاں جنرل سیکریٹری نے پارٹی کارکنان سے میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے مودی حکومت کے نو سال کے دوران کیے گئے کارناموں کے بارے میں جانکاری دی جبکہ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ انتخابات کے لئے تیار رہیں۔