امت نیوز ڈیسک //
جموں:وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج ہوائی راستے سے جموں و کشمیر پہنچے ہیں۔ بی جے پی لیڈروں نے پیر کی صبح جموں ایئر پورٹ پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا خیر مقدم کیا۔ متعلقہ اہلکاروں نے بتایا کہ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ہوائی جہاز سے جموں و کشمیر پہنچ چکے ہیں۔ بی جے پی لیڈران نے پیر کے دن صبح جموں کے ہوائی اڈے پر راج ناتھ سنگھ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینا اور دیگر بی جے پی لیڈرس موجود تھے۔ یہاں سے وزیر دفاع سکیورٹی میں جموں یونیورسٹی کے لیے روانہ ہوئے۔
بتایا گیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ جموں یونیورسٹی کے جنرل زوراور سنگھ آڈیٹوریم میں ڈیفنس کنکلیو سے خطاب کریں گے۔ یہاں وہ دفاعی ماہرین، ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت لوگوں کو بتائیں گے کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کے نو سالوں میں ملک نے دفاعی شعبے میں کس طرح ترقی کی ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے جموں و کشمیر کے دورہ کے فوراً بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا یہ دورہ اہم مانا جا رہا ہے۔ راج ناتھ سنگھ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ریاست کے صدر رویندر رینا سمیت دیگر سینئر لیڈران کے ساتھ مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ راج ناتھ سنگھ کے دورہ کے پیش نظر سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی فوج سمیت دیگر سکیورٹی ادارے بھی اس میں مصروف ہیں۔







