امت نیوز ڈیسک //
پونچھ (جموں و کشمیر):جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ہفتے کے روز دو فوجی اہلکار لاپتہ ہو گئے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں غرقاب ہو ئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سرنکوٹ کے ڈوگرہ کے قریب دریا کے کنارے دو فوجی اہلکاروں کا پیر پھسل جانے کے نتیجے میں وہ غرقاب ہو گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم بارشوں کے سبب ندی نالوں میں طغیانی کے سبب فوجی اہلکاروں کے زندہ بچنے کی کوئی امید نہیں۔ ادھر، شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں ہفتے کی صبح تین کمسن لڑکیاں مقامی ندی میں ڈوب گئیں تاہم دو لڑکیوں کو مقامی باشندوں نے فوری طور پر کاررروائی کرتے دو بچیوں کو بچا لیا تاہم تیسری بچی کو بازیاب کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی دوپہر تین بچیاں کپورارہ ضلع کی پہرو ندی میں اس وقت ڈوب گئیں جب پل پار کرنے کے دوران انہوں نے ایک بچی کی دریا میں گری چپل کو نکالنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب نہ صرف درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ حکام کی جانب سے پہلے ہی ندی نالوں سے دور رہنے کی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔