امت نیوز ڈیسک ///
ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقعے پر درگاہ حضرتبل میں عقیدت مندوں کی زیادہ بھیڑ رہتی ہے لہذا وہاں جانے کے لئے ٹریفک کا بندوبست اور پارکنگ سہولیات کا انتظام کیا جا رہا ہے اور جو اسمارٹ سٹی کی جو گاڑیاں آئی ہیں ان کو بھی اس کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔
سرینگر: صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ کی تقریبات کے انعقاد کے لئے تمام تیاریاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لل دید ہسپتال میں گرفتار کیے گئے نقلی ڈاکٹر کے معاملے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ‘عید الفطر اور عید الضحیٰ کے موقعوں پر بھی اچھے انتظامات کیے گئے اور انتظامیہ گزشتہ سے بھی زیادہ بہتر انتظامات کرنے پر دھیان دے رہی ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘درگاہ حضرتبل میں عقیدت مندوں کی زیادہ بھیڑ رہتی ہے لہذا وہاں جانے کے لئے ٹریفک کا بندوبست اور پارکنگ سہولیات کا انتظام کیا جا رہا ہے اور جو اسمارٹ سٹی کی جو گاڑیاں آئی ہیں ان کو بھی اس کے لئے استعمال میں لایا جائے گا’۔
ڈویژنل کمشنر کشمیر نے کہا کہ ہیلتھ ، صاف صفائی وغیرہ کے لئے بھی ہدایات دئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تہوار بھی یہاں اچھی طرح سے منایا جائے گا۔
لل دید ہسپتال میں نقلی ڈاکٹر کی گرفتاری کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ‘جوں ہی یہ معاملہ سامنے آیا تو فوری کارروائی شروع کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں جانچ چل رہی ہے اور ہم متعلقہ محکمے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ وادی کے سب سے بڑے زچہ بچہ ہسپتال لل دید میں ایک شخص جعلی ڈاکٹر بن کر ہسپتال میں مبینہ طور خواتین مریضوں کی جانچ پڑتال کرنے کا معاملہ سمانے آیا ہے۔ اس واقعے نے نہ صرف کئی خدشات کو جنم دیا ہے بلکہ ہسپتال کے سکیورٹی پروٹوکول پر بھی سوالات کھڑے کرد یے ہیں۔ اگرچہ مزکورہ فرضی ڈاکٹر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے لیکن یہ شخص ہسپتال کے وارڈز میں کس طرح اور کیسے بطور ڈاکٹر خواتین کی جانچ پڑتال کرتا رہا یہ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)