امت نیوز ڈیسک //
سرینگر (جموں کشمیر) : یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں کل 86.93 لاکھ ووٹرز ہیں جن میں سے 44.35 لاکھ مرد اور 42.58 لاکھ خواتین ہیں۔ ووٹر آبادی کا تناسب 0.59 سے بڑھ کر 0.60 اور جنس کا تناسب 924 سے بڑھ کر 954 ہو گیا ہے۔ حتمی ووٹر لسٹ چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر کی خصوصی نظرثانی کے بعد شائع کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے بعد جموں و کشمیر میں خصوصی سمری (ووٹر لسٹ) پر نظر ثانی کا عمل شروع کیا گیا تھا جس میں ووٹر لسٹ کی اہلیت کی تاریخ یکم جنوری 2024 رکھی گئی تھی۔ اس میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی دو مرحلوں میں انجام دی گئی، سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جون سے ستمبر 2023 کے دوران 259 نئے پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے۔ جن میں بی ایل او کی طرف سے گھر گھر جا کر آگاہی پھیلائی گئی۔ دوسرے مرحلے میں ووٹر لسٹ کا مسودہ 17 اکتوبر 2023 کو جاری کیا گیا تھا۔ اس میں ضلعی انتخابی افسران (ڈی ایل او ایس) نے ریاستی اور قومی جماعتوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کی۔
ٹول فری اور ہیلپ لائن نمبرز عام لوگوں کو ووٹ لسٹ میں شامل کرنے، نام حذف کرنے، ترمیم یا منتقلی کے لیے جاری کیے گئے تھے۔ اس میں دعوؤں اور اعتراضات کے لیے 30 نومبر 2023 تک کا وقت دیا گیا تھا۔ اس دوران 4، 5، 18 اور 19 نومبر 2023 کو خصوصی کیمپ بھی لگائے گئے۔